مزید خبریں

چین نے تائیوان پر حملے کی دھمکی دے دی

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ تائیوان کے معاملے پر جنگ کرنے سے دریغ نہیں کرے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ تائیوان کے مسئلے پر کسی سمجھوتے کی گنجایش نہیں اور غیر ملکی مداخلت کی صورت میں تائیوان پر حملہ بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس سے قبل امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے تائیوان کے آس پاس چین کی شتعال انگیزی اور عسکری سرگرمیوں پر شدید نکتہ چینی کی تھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکا ہندبحرالکاہلی خطے میں اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ جمعہ کے روز سنگاپور میں امریکی وزیردفاع اور ان کے چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد چین کی جانب سے سخت بیان دیا گیا ہے۔ چینی وزیردفاع نے امریکا کو خبردار کیا کہ بیجنگ تائیوان کی آزادی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور وہ اس کے لیے جنگ شروع کرنے کے لیے بھی تیار ہے چاہے اس کی کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق تائیوان کے حوالے سے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ بیجنگ نے تائیوان کے آس پاس اپنے جنگی طیاروں کی پروازوں میں اضافہ کیا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے گزشتہ ماہ کئی دہائیوں پر محیط امریکی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر چین نے حملہ کیا تو واشنگٹن عسکری سطح پر تائیوان کا دفاع کرے گا۔