مزید خبریں

بجٹ عوام پر ٹیکسوں میں اضافے کی دستاویز ہے ، جاوید قصوری

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہا رکرتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ سے ملک کے اندر مہنگائی کا طوفان امڈ آئے گا۔ تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ ہوناچاہیے۔یہ بجٹ عوام اور تاجر دشمن بجٹ ہے۔ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنائے جانے والے بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8.6فیصد خسارے کے بجٹ سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکتا جب تک حکومت سرکاری مراعات پر خرچ ہونے والے اربوں روپے کی بچت اورکرپشن کا قلع قمع نہیں کرتی ، اس وقت تک عوام کی زندگی میں خوشحالی آسکتی اور نہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس دوبارہ وصول کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ 30روپے تک لیوی عائد کرنے سے ملک کے اندر پڑولیم منصوعات کی قیمتیں غریب عوام کی دسترس سے باہر ہو جائیں گی،ملک کے اندر پہلے ہی پٹرولیم مصنوعات کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے موجودہ حکمرانوں کو بھی عوام کی مشکلات کا احساس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کے مطابق ٹیکسوں کا مجموعی ہدف7004روپے مختص کیا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بجٹ درحقیقت عوام پر ٹیکس لگانے کی دستاویزہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ ملک میں معاشی ترقی کی شرح 5.97فیصد جبکہ مہنگائی کی شرح 11.03 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ملک میں تجارتی خسارہ 45ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے اور شرح سود بڑھ کر 12.25 فیصد ہوچکی ہے۔ حکومت ہر شعبہ میں مقرر کردہ اہداف کو حاصل کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اشرافیہ کو نوازنے کی بجائے مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے غریب عوام کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی معاشی پالیسیوں کو ترتیب دے۔ عالمی مالیاتی اداروں سے نجات حاصل کرنے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر پالیسی سازی کی اشد ضرورت ہے۔