مزید خبریں

بدین:سینئر سیاستدان ڈاکٹر سکندر مندھرو انتقال کر گئے

بدین (نمائندہ جسارت)ضلع بدین سے تعلق رکھنے والے سینئر سیاستدان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر ڈاکٹر سکندر مندھرو 78 سال کی عمر میں امریکا میں انتقال کر گئے، وہ طویل عرصے سے کینسر میں مبتلا تھے اور گزشتہ 3 ماہ سے امریکا کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کی تدفین بدین میں ان کے آبائی گاؤں متارو مندھرو میں کی جائے گی۔ ڈاکٹر سکندر مندھرو 7 جولائی 1943 کو ضلع بدین کے تعلقہ گولارچی کے گاؤں متارو مندھرو میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم گاؤں آکری اور سیرانی سے حاصل کرنے بعد انہوں نے لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی ،ڈاکٹر سکندر مندھرو نے اپنی عملی سیاست کا آغاز پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا ان کا شمار سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں کیا جاتا تھا۔ وہ 5 مرتبہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں، پیپلزپارٹی سے گہری وابستگی کے باعث انہیںجنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے دور میں آمرانہ تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہیں 10 سال تک سعودی عرب میں جلاوطنی گزارنی پڑی، وہ 1994ء میں پہلی دفعہ سندھ کے کوآپریشن کے صوبائی وزیر بنے جبکہ 2013ء میں وزیر قانون اور صحت بھی رہ چکے ہیں ،انہوں نے ضلع بدین کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور بدین کے شہریوں کو انڈس اسپتال، کیڈٹ کالج بدین، بینظیر بھٹو پارک اور گولارچی میں پیٹی سی ایل کا ڈیجیٹل ایکسچنج جیسے اہم منصوبے دیے،وہ 2018 میں پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے سینیٹ کے ممبر منتخب ہوئے اور اسٹینڈنگ کمیٹی فنانس کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ مرحوم نے سوگواران میں بیوہ ، بیٹا اور بیٹی چھوڑے ہیں۔