مزید خبریں

ـ17 سالہ علی اسفند اسپن بولنگ کی دنیا میں نام بنانے کے خواہشمند

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ترقی کا حصول عزائم کی بلندی پر منحصر ہے یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ علی اسفند نے کرکٹ کے ذریعے دنیا بھر میں نام بنانے کو اپنا ہدف بنا رکھا ہے۔ بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے اسپنر کا تعلق بھی ان 107 ابھرتے ہوئے ستاروں میں سے ہے جنہیں پی سی بی پاتھ ویز پروگرام کے ذریعے کیرئیر میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔علی اسفند نے گزشتہ ڈومیسٹک سیزن میں سینٹرل پنجاب بلیوز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے نیشنل انڈر 19 کپ میں 10 وکٹیں حاصل کرکے بہترین بولر کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ وہ نیشنل انڈر 19 چمپئن شپ میں بھی 25 وکٹیں حاصل کرکے ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین بولر قرار پائے تھے۔17 سالہ اسپنر کو خوشی ہے کہ پی سی بی کے پاتھ ویز پروگرام کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو 30 ہزار روپے ماہوار وظیفہ اور تعلیمی اسکالرشپ دیا جائے گا۔ اس پروگرام نے ان والدین کو انہیں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر راضی کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ انہیں اکثر پڑھائی چھوڑ کر کرکٹ کھیلنے پر والدین کے غصے کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ والدین کی خواہش تھی کہ وہ تعلیم حاصل کرکے اپنے مستقبل کو سنواریں لیکن شروع سے ہی ان کا جنون کرکٹ تھا اور وہ اسی کھیل میں اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔