مزید خبریں

کراچی میں چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چمپئن شپ کا آغاز

کراچی( اسٹاف رپورٹر)چیف آف آرمی اسٹاف کے نام سے منسوب دوسرے مرحلے میں ریجنل ہاکی چمپئن شپ کراچی ڈویژن کا آغاز ہوگیا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ہدایت پر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس میں جاری چیف آف آرمی اسٹاف ریجنل ہاکی چمپئن شپ کراچی ڈویژن پول اے کا پہلا میچ یوتھ ہاکی کلب اور الفیصل کلب کے درمیان کھیلا گیا ، دونوں ٹیموں نے بھر پور اور تیز کھیل کا مظاہرہ کیا پہلے ہاف کے اختتام پر فارورڈ معاذ کے نویں منٹ میں کیے جانے والے گول کے باعث الفیصل ہاکی کلب کو 0-1 کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں یوتھ ہاکی کلب کے بابر سعادت نے 18ویں منٹ میں گیند جال میں پھینک کر مقابلہ ایک ، ایک سے برابر کردیا۔ میچ کے آخری لمحات میں یوتھ کلب کے ارسلان نے مخالف کے گول پوسٹ پر مزید ایک گول داغ کر اپنی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی دلادی۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی محکمہ کھیل اینڈ یوتھ افیئرز حکومت سندھ کے اسپیشل سیکریٹری قمر رضا بلوچ نے اولمپیئن حنیف خان، محکمہ کھیل کے صوبائی کوآرڈینیٹر برائے ہاکی و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین اور چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان کے ہمراہ کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں دل لگا کر کھیلنے کی تلقین کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی کامیابی کیلیے کے ایچ اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے، ہاکی کا فروغ صوبائی حکومت کا ویژن ہے، آرمی چیف نے قومی کھیل کو اپنا نام دیکر ہم سب کے دل جیت لیے ہیں، اس موقع پر بلدیہ ہاکی کلب کے صدر طارق نیازی اور سیکریٹری ماجد رفیق، ارشاد حیدر، صغیر حسین، ریاض الدین، ارشد صدیقی معین عالم، محمد علی جعفری، امتیاز الحسن اور وسیم آفریدی بھی موجود تھے،پول بی کے پہلے میچ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیشنل ہاکی کلب نے بلدیہ ہاکی کلب کو 0-1 سے شکست دیدی، میچ کا فیصلہ کن اور واحد گول پہلے ہاف کے 35 ویں منٹ میں غلام علی نے کیا۔دونوں میچوں میں مزمل حسین، محمد فیضان اور ارسلان نے ٹیکنیکل آفیشلز جبکہ عرفان طاہر اور حماد نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔