مزید خبریں

جان قربان کر سکتے ہیں ،ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دیں گے،مقررین

کوٹری (نمائندہ جسارت)بی جے پی کی رہنما خاتون کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستا خانہ الفاظ استعمال کرنے کے خلاف پورے ملک میں پرامن احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔اس حوالے سے شان رسالت ﷺ میں گستا خانہ الفاظ استعمال کرنے کے خلا ف مذہبی جماعتوں نے مرکزی عید گاہ مین لیاقت روڈ سے اللہ والا چوک کوٹری تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ اگر سابقہ حکومتوں نے فرانس اور ہالینڈ کے ملعونوں کیخلاف کوئی عملی اقدامات کیے ہوتے تو عالم اسلام کویہ دردناک دن نہ دیکھنا پڑتا۔اس وقت حکومت پاکستان فی الفور واضح پالیسی اپناتے ہوئے اعلان کرے کہ جس ملک میں بھی گستاخی رسول ﷺ کی جائے گی اس ملک سے ہمارا کوئی تعلق اور واسطہ نہ ہوگا ۔ مقررین نے کہا کہ انڈیا کے سفیر کو پاکستان سے نکالا جائے اور انڈیا کے ساتھ تمام ترسفارتی اور تجارتی تعلقات ختم کیے جائیں اور یہ عہد کیا کہ ہم اپنی جان تو قربان کر سکتے ہیں پر کبھی بھی ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دیں گے اور ہمارا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ مبارکہ سب سے زیادہ عزیز نہ ہو، تاریخ گواہ ہے جس جس نے نبی محترم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کرنے کی جسارت کی وہ نشان عبرت بن گیا۔ اس موقع پر ریلی میں جماعت اسلامی کوٹری کے امیر اعجاز احمد شیخ ،تحریک لبیک پاکستان تعلقہ کوٹری خلیل احمد سلطانی ،سماجی تنظیموں ،سول سوسائٹی، ہر طبقے فکر کے افراد سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔