مزید خبریں

محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ اسلامی نظام میں ہے،این ایل ایف

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن حیدرآباد زون کی جانب سے یوم خندق کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے معروف مذہبی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر مجیب اﷲ منصوری ، نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا پروفیسر ڈاکٹر مجیب اﷲ منصوری نے کہا کہ اسلام نے محنت کش کو جو عزت و عظمت کا مقام دیا ہے وہ دنیا کے کسی نظام میں موجود نہیں دنیا کا ہر نظام چاہے وہ سرمایہ دارانہ ہو یا سوشل ازم یا کمیونزم اس میں محنت کش کو وہ حقوق حاصل نہیں جو اسلام نے دیے ہیں اﷲ تعالیٰ کے نبی ﷺنے حکم دیا ہے کہ محنت کش کو اس کا معاوضہ اس کا پسینہ خشک ہونے سے قبل ادا کردو دنیا کا کوئی بھی نظام ہو اور دنیا کی کوئی بھی تنظیم کسی کے بھی سربراہ نے عملاً محنت نہیں کی ہے لیکن غذوہ خندق کے موقع پر مدینہ کے گرد کفار مکہ کے حملہ سے بچائو کے لیے تدابیر طے کی گئی تو اس میں خندق کھودنے کی تجویز سب سے موثر تھی اس موقع پر خندق کھودنے کا عمل شروع ہوا تو نہ صرف صحابہ کرام اس عمل میں شریک ہوئے بلکہ نبی محترم ﷺنے خود بھی خندق کھودنے میں عملاً شرکت فرمائی مدینہ کے مسلمان شدید مالی مشکلات کا شکار تھے صورتحال سخت تھی اورفاقہ کشی کی نوبتیں تھیں خندق کی کھدائی کے دوران ایک صحابی نے عرض کیا کہ بھوک کی شدت کے باعث سیدھے کھڑا ہونا ممکن نہیں سہارے کے لیے پیٹ پر پتھر باندھا ہوا ہے تو نبی کریم ﷺنے فرمایا کہ میرے پیٹ پر بھی دو پتھر بندھے ہوئے ہیں لیکن اس سب کی جزاء اﷲ رب العزت عطا فرمائیں گے دنیا کا کونسا نظام ہے کہ جس میں ایسی کوئی مثال ملتی ہو اسلام دین فطرت ہے اور اس میں عمل کا آغاز اپنی ذات سے ہوتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر مجیب اﷲ منصوری نے کہا کہ اسلام کے علاوہ ہر نظام محنت کش کے استحصال کا نظام ہے سرمایہ داری میں محنت کش پستا اور سرمایہ دار خوشحال ہوتا جاتا ہے کمیونزم اور سوشلزم میں بھی یہی صورتحال ہے کامریڈ خوشحال اورپیٹ بھرے ہیں اور مزدور آج بھی بھوکا ہے سرمایہ کا ارتکاز سرمایہ دارانہ نظام میں بھی ہے اور کمیونزم اور سوشلزم میں بھی ہے کہیں بھی منصفانہ تقسیم نہیں ہے اسی طرح محنت کش کی جو عزت اسلام نے بیان کی ہے وہ کہیں نہیں ملتی کہ اﷲ کے رسول ﷺنے محنت کش کو اﷲ کا دوست قرار دیا ہے اور اﷲ تعالیٰ جس کو اپنا دوست بنا لے وہ ہی دراصل کامیاب ہے این ایل ایف سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ نے کہا کہ این ایل ایف محنت کشوں کی ان حقوق کے تحفظ کی جدو جہد کر رہی ہے جو اسلام نے محنت کش کے لیے رکھے ہیں اور اس جدو جہد کے لیے محنت کشوں کو این ایل ایف کا ساتھ دینا چاہیے کہ ان کے حقوق کا تحفظ صرف اسلامی نظا م میں ہے ۔