مزید خبریں

متحدہ نے اتحادی حکومت میں وزارتوں کا مطالبہ نہیں کیا، سعید غنی

کراچی(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہاہے کہ ایم کیوایم نے اتحادی حکومت میں وزارتوں کا مطالبہ نہیں کیا ہے،پچھلے کچھ برسوں میں پیپلز پارٹی کی کراچی میں کارکردگی بہتر ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمشید زون یو سی 2 میں حنیف شہید پارک اور شاہین گراؤنڈ کی تزئین و آرائش کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعیدغنی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے وزارتیں نہیں مانگی اور ان کا مسئلہ ڈومیسائل،مردم شماری اورشہری مسائل تھے۔ انھوں نے بتایا یہ مسئلہ پیپلزپارٹی کا بھی تھا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ پچھلے کچھ برسوں میں پیپلزپارٹی کی کراچی میں کارکردگی بہترہوئی ہے اور ضمنی انتخابات اورکنٹونمنٹ کے انتخابات میں پیپلزپارٹی نے زیادہ ووٹ لیے تھے۔انھوں نے کہا کہ اگر ہم نے اچھاکام کیا ہوگاتوضرورہمارامیئربنے گا۔نالوں پر تجاوزات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی کسی کو بے گھر نہیں کرناچاہتے اور کوشش ہے کہ نالوں کی زد میں بھی کم سے کم لوگ متاثرہو تاہم 6 ماہ میں لوگوں کوگھردے کر نالوں کو ٹھیک کرنا ممکن نہیں۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صرف وعدے نہیں عملی کام پر یقین رکھتی ہے، جو وعدے ہم نے عوام سے کیے تھے ان پر کام آگے بڑھایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقے کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کیاجائے گا، کھیلوں کے گراؤنڈز کی بحالی کا کام جاری ہے جبکہ کراچی میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پارکس بنائے جارہے ہیں۔