مزید خبریں

افغانستان سے متعلق تمام فیصلے پارلیمنٹ میں کیے جائیں‘ پیپلز پارٹی

اسلام آباد(آئی این پی)ہفتے کو زرداری ہائوس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں دہشت گردی کے مسئلے بالخصوص تحریک طالبان افغانستا ن ( ٹی ٹی اے) اورتحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے ساتھ افغانستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کی روشنی میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول زرداری کی زیر صدارت ہائبرڈ اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی نے تحریک طالبان افغانستا ن اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ افغانستان میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے حوالے سے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ تمام فیصلے پارلیمنٹ کو کرنے چاہییں اور پارلیمنٹ کواعتماد میں لیا جانا چاہیے جبکہ بلاول زرداری کا کہناہے کہ پیپلزپارٹی پارلیمان میں تمام فیصلے ہونے پر یقین رکھتی ہے ،ہم اتحادی جماعتوں سے رابطہ کرکے آگے بڑھنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں گے۔ سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں پارٹی کے اس موقف کا اعادہ کیا گیا کہ تمام فیصلے پارلیمنٹ کو کرنے چاہییں اور اس لیے پارلیمنٹ کو آن بورڈ لیا جانا چاہیے۔اجلاس میںپیپلزپارٹی کے چیئرمین اوروزیرخارجہ بلاول زرداری نے قرنطینہ ہونے کے باعث بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی ۔ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، فریال تالپور، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سید خورشید شاہ، شیری رحمان، نیئر بخاری، نجم الدین صدر پی پی پی کے پی کے، فیصل کریم کنڈی، ہمایوں سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ چوہدری یاسین، قمرزمان کائرہ، چودھری منظور، ندیم افضل چن، اخونزادہ چٹان، رخسانہ بنگش، نثار کھوڑو اور فرحت اللہ بابر بھی موجود تھے۔