مزید خبریں

ARTS-C،آٹزم کے شکار بچوں کو سہولیات فراہم کرتا ہے،وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں سینٹر فار آٹزم ری ہیبلی ٹیشن اینڈ ٹریننگ (C-ART) اینڈ اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپر ایکٹیویٹی ڈس آرڈر (ADHD) کا افتتاح کرتے ہوئے محکمہ خصوصی افراد کو بااختیار (DEPD) کے بجٹ میں 800 ملین سے روپے سے بڑھاکر اگلے بجٹ میں 1.7 ارب روپے اضافے کا اعلان کیا تاکہ خصوصی افراد کی تعلیم اور بحالی کیلیے مزید سہولتیں قائم کی جا سکیں۔ تقریب میں وزیراعلیٰ کے مشیر منظور وسان، صوبائی وزرا شرجیل میمن، شہلا رضا، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، ڈی ای پی سی کے معاونین خصوصی صادق میمن، وقار مہدی، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت اور دیگر نے شرکت کی۔ مراد علی شاہ نے C-ARTS کو اپنے بل بوتے پر آگے بڑھنے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گلستان جوہر میں پہلی C-ARTS سہولت کا افتتاح کیا تھا اور اب کورنگی میں تیسرے سیٹ اپ کے سائے تلے کھڑا ہوں، C-ARS اب آٹزم کے شکار 300 سے زائد افراد کو مفت خدمات فراہم کر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ C-ARTS کو منفرد بنانے کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ آٹزم کے شکار بچوں کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کرتے ہیں جبکہ بچے C-ARTS کا بنیادی مرکز ہیں، وہ والدین کو بھی تربیت فراہم کرتے ہیں کیونکہ آٹزم بالآخر کسی فرد کو نہیں بلکہ ایک خاندان میں ہوتا ہے اور اس کیلیے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کی مکمل حمایت کی ضرورت ہوتی ہے۔اب ہم نے C-ARTS (بالغ) اور ADHD سینٹر کا افتتاح کیا ہے جو آٹزم کے شکار 150 سے زائد افراد کو روزگار کے لیے تربیت دے گا تاکہ وہ معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں اور یہ مرکز ADHD بچوں کے لیے بھی موزوں ہے۔