مزید خبریں

تحریک انصاف شعبہ خواتین کے تحت مہنگائی کے خلاف مظاہرہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کیفے لبرٹی چوک بہادر آباد سے پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کی خواتین قیادت سمیت خواتین کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے مہنگائی سے عوام کی کمرتوڑ ہے،پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر احتجاجی نعرے درج تھے۔ خواتین کارکنان نے امپورٹڈ حکومت نا منظور اور مہنگائی نا منظور کے نعرے لگا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ احتجاج میں پی ٹی آئی خواتین ونگ کی مرکزی سیکرٹری جنرل صائمہ ندیم، پی ٹی آئی کی خواتین ارکان اسمبلی نصرت واحد، غزالہ سیفی، سدرہ عمران، رابعہ اظفر، ڈاکٹر سیما ضیا اور دیگر نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خواتین ونگ صائمہ ندیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آج ملک کی خواتین کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کردیا ہے۔ کراچی کی سڑکوں پر اس شہر کی مائیں بہنیں نکل آئی ہیں۔ امپورٹڈ حکومت نے مہنگائی سے عام لوگوں کی کمر توڑدی ہے۔ بجٹ میں صرف امیروں کو ریلیف دیا غریبوں کیلیے کوئی ریلیف نہیں۔ امپورٹڈ حکومت نے معیشت سے وہ تجربے کیے جس سے غریب پر مہنگائی کا بوجھ پڑا ہے۔ کراچی کی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ایم این اے نصرت واحد کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مستحکم معیشت دی جیسے امپورٹڈ حکومت نے معاشی بگاڑ پیدا کیا۔ آج یہاں جمع ہونے کا مقصد مہنگائی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کا مقصد اپنے کیسز ختم کرنا ہے۔ ایم این اے غزالہ سیفی نے کہا کہ مہنگائی، پیٹرول کی قیمت عوام کو نامنظور ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ادیبہ عارف حسین نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا جلد سے جلد جانا ضروری ہے۔