مزید خبریں

زیادتی کیس، ملزمان نے متاثرہ خاتون کی گینگ ریپ وڈیو بنائی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) بہاء الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کی سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو انکشاف کیا کہ ملزمان نے متاثرہ خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کی وڈیو بھی بنائی تھی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو ملتان سے کراچی آنے والی بہاء الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملتان سے کراچی آنے والے بہاء الدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کردی۔تفتیشی افسر نے عدالت کے روبرو انکشاف کیا کہ ملزمان نے متاثرہ خاتون کے ساتھ گینگ ریپ کی وڈیو بھی بنائی تھی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان کے موبائل فون ،وڈیو اور یونیفارم برآمد کرنی ہیں۔ استدعا ہے کہ ملزمان کے ریمانڈ میں توسیع کی جائے جس پر عدالت نے گرفتار 5 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع کردی۔گرفتار ملزمان میں محمد زاہد، عاقب منیر، ذوہیب، عامر رضا اور عبد الحفیظ شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے 28 مئی کو ملتان سے کراچی واپس آنے والی خاتون سے اجتماعی زیادتی کی تھی۔ ملزمان کے خلاف سٹی ریلوے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ متاثرہ خاتون عدالت میں 2 ملزمان کو شناخت بھی کرچکی ہے۔