مزید خبریں

آرٹس کونسل: سرور اقبال کے کلام ’’مسکن مہتاب‘‘کی تقریب رونمائی

کراچی ( پ ر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی لائبریری کمیٹی کی جانب سے (بوسٹن) امریکا میں مقیم، دبستانِ کراچی کے معروف شاعر سرور اقبال کا اولین مجموعہ کلام ’’مسکنِ مہتاب‘‘ کی تقریب رونمائی حسینہ معین ہال میں کی گئی جس کی صدارت محمود شام نے کی اور مہمانِ خصوصی فراست رضوی تھے۔ تقریب میں چیئرمین لائبریری کمیٹی اقبال لطیف، مصنف سرور اقبال، ڈاکٹر سلمان ثروت، عقیل عباس جعفری، زیب اذکار، خالد معین، شاعر تاجدارعادل، ظہیر خان، خالد عرفان و دیگر نے اظہارِ خیال کیا جبکہ نظامت کے فرائض راشد نور نے سرانجام دیے۔محمود شام نے صدارتی خطبہ میں کہاکہ سرور اقبال کے لہجے میں آج بھی وہی گھن گھرج ہے جو 70کی دہائی میں تھی۔ انہوں نے کہاکہ آپ ایسے عہد میں شہر قائد میں واپس آئے ہیں جب علامہ اقبال لائبریری سمیت اکثر کتب خانوں میں گرد اڑ رہی ہے، حروف اپنے معنی سے بچھڑ چکے ہیں، شعراء کرام باہم دست و گریباں ہیں، ادبی رسالے کاغذی پیراہن سے محروم ہوکر آن لائن ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دور میں کتاب اور دلہن پر خرچہ ایک جیسا ہوگیا ہے۔فراست رضوی نے یادوں پر مبنی اقتباس پیش کیا، اچھی تخلیق کبھی پرانی نہیں ہوتی جس طرح سچائی کبھی باسی نہیں ہوتی، انہوں نے کہاکہ شاعری اور ادب کی قدریں لازوال ہوتی ہیں اگر اس میں تجربے کی سچائی، عہد کا دُکھ اور مسائل موجود ہوں یہ تمام چیزیں سرور اقبال کی شاعری میں موجود ہیں۔چیئرمین لائبریری کمیٹی اقبال لطیف نے کہاکہ سرور دوستوں کا دوست ، مخلص اور سچا انسان ہے، آرٹس کونسل کراچی کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ جو لوگ اردو کی بستیاں غیر ملکوں میں آباد کیے ہوئے ہیں اور اردو زبان کے لیے جو کام کررہے ہیں ان کو عزت اور پذیرائی دے، سرور اقبال بھی انہی لوگوں میں سے ایک ہیں ۔