مزید خبریں

نیا پاکستان کے نام پر اناڑی نے معیشت تباہ کردی‘احسن اقبال

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی و اصلاحات خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے ملک کی معیشت کا بہت نقصان کیا ، نیا پاکستان کے نام پر ایک اناڑی نے ملک کو پیچھے دھکیل دیا ، پاکستان کے مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہے ، حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کے لیے ایک خطیر رقم مختص کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں پیغام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو75سال پیچھے دھکیل دیا ، اس اناڑی کو یہ بھی پتا نہیں تھا کہ حکومت کس طرح چلائی جاتی ہے اور ملک کو کس طرح ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وژن2025ء پر عمل ہوتا تو آج ملک دنیا کے ٹاپ10 اور معیشت کے25 ممالک کی لسٹ میں شامل ہوتا۔ شہباز شریف نے اسی لیے نیشنل چارٹر آف اکانومی کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے800 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی ہے، جس میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تمام صوبوں سے زائد فنڈ مختص کیے ہیں۔