مزید خبریں

صدر آزاد کشمیر نے یاسین ملک کی رہائی کیلیے ڈیفنس کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد (اے پی پی)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے جھوٹے مقدمات میں عمر قید کی سزا کے خلاف اور ان کے رہائی کے لیے قانونی ماہرین پر مشتمل ایک ڈیفنس کمیٹی قائم کر دی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق یہ ڈیفنس کمیٹی حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لیے قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ اس ڈیفنس کمیٹی کے اراکین میں بیرسٹر طارق محمود، بیرسٹر کرامت، بیرسٹر حسنات، بیرسٹر حفیظ، بیرسٹر اسد اور آئرلینڈ سے بیرسٹر عمران خورشید شامل ہیں۔یہ ڈیفنس کمیٹی بھارت میں وکلا سے بھی رابطہ کرے گی، اسی طرح برطانیہ میں بھی قانونی ماہرین سے مشاورت کرے گی۔ بیرسٹر سلطان محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی انسانی حقوق کمیشن سمیت دیگر اداروں اور بھارتی حکومت سے بھی گزارش کرے گی کہ وہ یاسین ملک تک اس کمیٹی کو رسائی دے تاکہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے قانونی کارروائی کی جا سکے۔