مزید خبریں

ساڑھے 8ہزار عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے‘وزارت مذہبی امور

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ گزشتہ 5 روز میں ساڑھے 8 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے۔ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ عازمینِ حج کو مدینہ میں 8 روز قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کیا جائیگا، حج سے قبل 17 ہزار عازمینِ حج مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کریں گے، حج کے بعد پاکستان روانگی سے 8 دن قبل باقی 15 ہزار عازمینِ حج کو مدینہ پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 106 پروازوں پر مشتمل حج فلائٹ آپریشن 30 جون تک جاری رہے گا، مدینہ ایئر پورٹ پر مذہبی امور کا عملہ عازمین حج کی رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے شفٹوں میں کام کررہا ہے، جدہ ایئرپورٹ پر پہلی حج پرواز 16جون کو اترے گی۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حج میڈیکل مشن کے تحت سعودی ائر پورٹس اور رہائشی سیکٹرز میں ڈسپنسریاں قائم کر دی گئی ہیں۔مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ پولیس، 1122 اور سول اداروں کے ملازمین بطور معاونین رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کا انتظام سنبھال رہے ہیں، شعبہ گمشدگی، ہیلپ لائن، حرم گائڈز، مانیٹرنگ، مکہ روانگی کا انتظام مذہبی امور کے ویلفیئر اسٹاف کے ذمے ہے۔