مزید خبریں

بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت فوری بند ہونی چاہیے، طاہر اشرفی

لاہور (آن لائن) متحدہ علما بورڈ پنجاب کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ بھارت توہین رسالت کے مجرمان کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ کیفر کردار تک پہنچائے، بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت فوری بند ہونی چاہیے، پر امن محرم الحرام انعقاد کے لیے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کیا جانا نہایت ضروری ہے، اس حوالے سے پی ٹی اے، مسلح افواج کے ترجمان ادارے اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر جامع پالیسی بنائیں گے۔ ایوان وزیرِ اعلیٰ میں تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندوؤں کی جانب سے نبی اکرم کی شان میں گستاخی سے تمام امت مسلمہ کے دل دکھے ہوئے ہیں۔ اس معاملے پر مجرمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سطح پر اسلام فوبیا کی قرارداد کی طرح انبیاء کرام کی حرمت کے حوالے سے قانون منظور کرائے۔انہوں نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے وزیراعظم کی سفارش کی روشنی میں گرینڈ ڈائیلاگ شروع کرنے کی گزارش کی۔ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنے کے لے ضابطہ اخلاق پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کے وہ سابق وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ وہ استحکام پاکستان کے لیے گرینڈ ڈائیلاگ کا حصہ بنیں۔اس موقع پر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے توہین مذہب و رسالت کے قانون پر عالمی سطح پر موثر عملدرآمد کے لیے زور دیا۔ جبکہ انہوں نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے بھی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کی دعوت دی۔