مزید خبریں

عمران خان حکومت معیشت کو مفلوج کر گئی، شیری رحمان

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی نااہل حکومت معیشت کو مفلوج کر گئی ہے، سابق حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ آج ملک اور عوام بھگت رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ نئی حکومت کو مشکل میں ڈالنے کے لیے انہوں نے جانے سے پہلے پیٹرول اور بجلی پر غیر فنڈ شدہ سبسڈی دی۔ ان کے غلط
فیصلوں کا خمیازہ آج ملک اور عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اتحادی حکومت کو ورثے میں قرضے، مہنگائی، بیروزگاری، خوراک اور توانائی کے بحران اور دیگر خسارے ملے ہیں ۔ ان ہی کہ وجہ سے ملک کو گندم اور چینی درآمد کرنی پڑ رہی ہے۔ ان کی وجہ سے ہی ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشی بحران کے باوجود اتحادی حکومت نے ایک مناسب بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان سماجی ویب سائیٹ پر بجٹ مسترد کرکے سمجھتے ہیں انہوں نے عوام کا حق ادا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں عوام کی نمائندگی صرف وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھ کر ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف اگر عوامی پارٹی ہوتی تو وفاقی بجٹ میں پارلیمنٹ میں بیٹھ کر اپوزیشن کا آئینی کردار ادا کرتی۔