مزید خبریں

مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی،33 اشیاء ضروریہ مہنگی

اسلام آباد (آن لائن/صباح نیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ مہنگائی کی مجموعی شرح 23.98 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی میں 2.67 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 23.98 فیصد تک جا پہنچی ہے جو ملکی تاریخ میں مہنگائی کی بلند ترین شرح ہے۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں 33 اشیا ضروریہ مہنگی ہوئیں، 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دستاویزات کے مطابق ایک ہفتے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ برانڈڈ گھی فی کلو کی قیمت میں 28 روپے تک کا اضافہ ہوا‘ آلو کی فی کلو قیمت میں 3 روپے10پیسے اور ٹماٹر کی قیمت میں فی کلو 4 روپے سے زاید کا اضافہ ہوا۔ دالیں، نمک، بیف، مٹن، چینی، پیاز، دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیںملک میں مہنگائی، ملکی سمت اور معاشی صورتحال سے پریشان پاکستانیوں کی شرح میں اضافہ ہو گیا۔ اِپسوس پاکستان (Ipsos) کے سروے کے مطابق رواں سال مارچ میں 44 فیصد اور اب 47 فیصد افراد مہنگائی سے پریشان ہیں۔ سروے رپورٹ کے مطابق ملکی سمت کو غلط کہنے والے پاکستانیوں کی شرح 80 فیصد سے 88 فیصد ہوگئی ہے۔ سروے کے مطابق ملکی معیشت کو 49 فیصد افراد نے کمزور کہا جبکہ64 فیصد آئندہ6 ماہ میں معاشی بہتری سے نا امید ہیں۔