مزید خبریں

اسلحہ برآمدگی:عزیربلوچ کے خلاف رینجرزکابیان قلمبند

کراچی(نمائندہ جسارت)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے گینگ وار سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف دھماکا خیز مواد کے مقدمہ میںمدعی مقدمہ رینجرز کے ڈی ایس آر نے اہم بیان قلمبند کرادیا۔ رینجرز افسر نے اپنے بیان میں بتایا کہ عزیر بلوچ نے گرفتاری کے دوران گارڈن میںگولہ بارود اور اسلحہ دفن کرنے کا انکشاف کیا،مذکورہ مقام سے زیر زمین دفن ایل ایم جی، راکٹ لانچر سمیت گولیاں برآمد ہوئیں،کارروائی میں زمین میں دفن دستی بم، اعوان گولے اور لانچر بھی برآمد کیے، تمام اسلحہ فارنسک کے لیے ضابطے کے مطابق بھیجا،بارودی مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ناقابل استعمال کرکے پولیس کے حوالے کیا۔ مدعی نے اپنے بیان میں کہاکہ سٹی کورٹ کے مال خانے میں لگنے والی آگ میں کیس پراپرٹی جل کر تباہ ہوگئی۔عزیر بلوچ کے وکیل عابد زمان نے گواہ کے بیان پر جرح کرتے ہوئے کہاکہ ایف آئی آر اور پولیس کو دیے بیان میں کہیں نہیں ہے کہ تمام گولہ بارود پولیس کے حوالے کیا اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کچراکنڈی سے برآمد کیا گیا تو بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کیوں نہیں کیا گیا؟ ملزم کے وکیل عابد زمان نے گواہ کے بیان پر جرح مکمل کرلی، عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کرلیا۔