مزید خبریں

کیپٹل ہل پر حملہ بغاوت کی کوشش تھی ، امریکی تحقیقاتی کمیٹی

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے کی تحقیقات کرنے والی امریکی ہاؤس کی کمیٹی نے 6جنوری کے واقعے کو بغاوت کی کوشش قرار دے دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کے روز سے شروع ہونے والی سماعت کے دوران تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ یہ حملہ صدر ٹرمپ کی جانب سے 2020 ء کے صدارتی انتخابات کو مسترد کرنے کی کوشش کا براہ راست نتیجہ تھا۔ سماعت کے دوران کئی وڈیو شواہد بھی پیش کیے گئے۔ کمیٹی نے اس دوران ایوانکا ٹرمپ کی وڈیو بھی پیش کی۔ اس وڈیو میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی نے کہا ہے کہ انہیں اپنے والد کے اس دعوے پر یقین نہیں کہ 2020 ء کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے انہیں ہرایا گیا۔ وڈیو بیان میں ایوانکا ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس وقت کے اٹارنی جنرل بل بار کے اس بیان کو تسلیم کرتی ہیں کہ انتخابات شفاف اور منصفانہ تھے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے والد کو بار بار سمجھایا تھا کہ وہ انتخابات میں شکست کھا چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ایوانکا ٹرمپ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں وائٹ ہاؤس میں ان کی مشیر تھیں۔ کانگریس کمیٹی کی سماعت کے دوران الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے بل بار بھی پیش ہوئے اور انہوں نے سابق امریکی صدر کے دھاندلی کے دعووں کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بار بار صدر کو کئی بار بتایا کہ فراڈ کے کوئی شواہد نہیں مل سکے ۔یاد رہے کہ ٹرمپ کی الیکشن میں شکست پر ان کے حامیوں نے کیپٹل ہل پر حملہ کردیا تھا۔