مزید خبریں

ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ

لندن(جسارت نیوز)رواں برس کے تیسرے بڑے گرینڈ سلم ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 135واں ایڈیشن 27جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن میں آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا 134واں ایڈیشن 2020 میں کھیلا جانا تھا لیکن کووڈ19کی وجہ سے اس کو منسوخ کر دیا گیا تھا جو اگلے سال 2021میں کھیلا گیا ۔میگا ایونٹ میں اے ٹی پی کا 135جبکہ ڈبلیو ٹی اے کا 128 واں ایڈیشن ہو گا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں آسٹریلوی ٹینس اسٹار اور سابق عالمی نمبر ایک ایشلی بارٹی اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں نیکولا مکٹک اور میٹ پاویک پر مشتمل کروشین جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ویمنز ڈبلز مقابلوں میں بلجیم کی ایلیس مرٹینز اور ان کی تائیوان کی جوڑی دار ہیش سو وائی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔میگا ایونٹ کی انتظامیہ نے ومبلڈن کے کھلاڑیوں کیلیے انعامی رقم میں ریکارڈ میں اضافہ کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق انعامی رقم کو بڑھا کر 40.3 ملین پائونڈ زکر دی گئی ہے جو گزشتہ سال کے ومبلڈن اوپن سے11.1فیصد زیادہ ہوگی ۔ واضح رہے کہ رواں سال کا تیسرا میگا ایونٹ 27 جون سے شروع ہوکر 14دن جاری رہنے کے بعد 11جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔گزشتہ تین سالوں کے بعد پہلی بار گنجائش کے مطابق شائقین ٹینس کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچز دیکھنے کی اجازت ہوگی۔