مزید خبریں

میرپورخاص، توہین رسالت پر وکلا کا احتجاجا عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) حضور اکرم ﷺ کی شان اقدس میں بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ کلمات کے خلاف مختلف مذہبی تنظیموں اور تاجروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا جبکہ وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا، مظاہرین نے بی جے پی کی مسلم دشمن حکومت اور نبی کریمؐ کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والے ترجمانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کے پتلے نذرآتش کیے، مظاہرین نے امت مسلمہ کو بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سنی ایکشن کمیٹی میرپورخاص، جمیعت علما اسلام، مرکزی انجمن تاجران، سنی تحریک، جمعیت علما پاکستان،شیعہ علما کونسل، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جماعت اسلامی، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین،تحریک لبیک پاکستان ، اسلامی جمعیت طلبہ،نوجوانان میرپورخاص اور دیگر کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد مدینہ مسجد شاہی بازار، سبزی منڈی چوک، پریس کلب کے سامنے اور دیگر مقامات پر بی جے پی کے ترجمانوں کی جانب سے حضور اکرم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کے خلاف احتجاج کیا جبکہ میرپورخاص بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بار کے صدر شوکت علی راہموں ایڈووکیٹ، مولانا حفیظ الرحمن فیض،مولانا ہارون معاویہ،التماس صابر قادری، حافظ محمود احمد قادری، علامہ صادق سعیدی، حاکم گشکوری،مولانا ثاقب،پیر فرید،کامران میمن، یوسف سومرو،ضیا الحسن کاظمی،سید صغیر نقوی،حسن رند،معیز احمد،محمود صابری،خضر معاذاوراشعر بیگ و دیگر نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈیا کی مودی سرکار نے آقا نامدار حضرت محمد ﷺ کی شان میں جو گستاخی کی ہے وہ ناقابل معافی ہے ہم مسلمان ہیں اور ہمارا ایمان ہے کہ یہ کائنات نبی کریم ﷺ کی وجہ سے وجود میں آئی ہے ہم یہ کیسے برداشت کرسکتے ہیں کوئی ہمارے نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخی کرے ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں فوری طور پر انڈیا سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں اور انڈیا کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے اور تمام مسلم ممالک کے سربراہوں سے انڈیا کی تمام مصنوعات پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ۔تاجر برادری اور پاکستانی عوام بھی سے بھی اپیل کی کہ انڈیا کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے۔