مزید خبریں

چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کی ”چارٹر آف اکانومی” پر دستخط کی تجویز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ACCA (چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کی ایسوسی ایشن) کی جانب سی جاری کردہ بجٹ تجاویز میں، پیشہ ور اکاؤنٹنٹس کے لیے عالمی ادارے نے تجویز دی ہے کہ حکومت/ سیاسی جماعتیں اور کاروباری اداری پالیسیوں اور ان کے نفاذ کو یکساں رکھنے کے لیے اگلے 10-15 سالوں کے لیے ”چارٹر آف اکانومی” پر دستخط کریں۔پاکستان کو تمام غیر ضروری درآمدات کو کم کرکے اپنا درآمدی بل کم کرنے پر توجہ دینی چاہیے اور برآمدات کو بہتر بنانا دوسرا بڑا قدم ہے۔ اس تجویز میں ٹیکس کے بوجھ کو ملک کی زیادہ آمدنی والی آبادی پر منتقل کرنے اور متوسط اور کم آمدنی والے کیڈرز کی زندگی کی لاگت پر سبسڈی دینے کے بارے میں بھی بات کی گئی ہے۔ تمام پیشہ ور افراد کو لازمی طور پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور ایف بی آر کی زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصول کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اہم پیش رفت کرنے کی اشد ضرورت ہے۔پروفیشنل اکاؤنٹنٹس کے عالمی ادارے نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ٹیکس کی شرح کو ایک ہندسے تک کم کرے اور ڈیٹا اینالیٹکس اور مصنوعی ذہانت کو اپناتے ہوئے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کو یقینی بنائے تاکہ حکومت کے اختیار میں ڈیٹا کے بھرپور ذرائع جیسے نادرا سے فائدہ اٹھایا جائے۔