مزید خبریں

یوبی جی کی جنرل باڈی کا نئے گروپ چیئرمین پر مکمل اعتماد کا اظہار

لاہور (کامرس ڈیسک ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کی جنرل باڈی نے متفقہ طور پر گروپ کے نئے چیئرمین شہزاد علی ملک کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو یہاں نئے چیئرمین شہزاد علی ملک کی زیر صدارت گروپ کی پہلی جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے عہدیداران اور کور کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنما شہزاد علی ملک نے کہا کہ یو بی جی کاروباری برادری کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گا اور بزنس کمیونٹی کی جائز اور حقیقی شکایات کے ازالے کے لیے کوششیں جاری رکھنا اس کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی بھر پور خدمت کو جاری رکھنے کے لیے گروپ کو ملک بھر میں مضبوط بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ جمہوریت پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور گروپ کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے جائیں گے تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ قابل عمل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے انہیں متعلقہ حلقوں کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔