مزید خبریں

سندھ کے ترقیاتی کام کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، عبدالجبار خان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ میں بلدیاتی انتخابات سمیت ہر انتخاب میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ کیونکہ سندھ کے عوام کی جس طرح پیپلزپارٹی حکومت نے خدمت کی ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے، اس وقت صوبہ سندھ ترقیاتی کاموں ،صحت و تعلیم کے حوالے سے سب سے زیادہ کام کرنے والا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود سندھ میں جس طرح ترقیاتی کام کروا رہی ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔ شہری و دیہی علاقے وہاں کے عوام کے معیار زندگی تبدیل ہو رہے ہیں، حیدرآباد جوسندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے اس میں جس قدر ترقیاتی کام کرائے گئے خاص طورپر سائٹ ایریا حیدرآباد جسے ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا وہاں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، عوام کو پینے کا پانی، صحت وصفائی ، سڑکیں، سیوریج کا نظام سے ان کا معیار زندگی تبدیل ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخاب میں بھی پیپلزپارٹی کے منتخب نمائندے کامیاب ہوکر عوام کی بلاامتیاز خدمت کریں گے ۔ انہوں نے حیدرآباد سمیت سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلزپارٹی کی حکومت اور قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں ۔