مزید خبریں

عامر لیاقت فہم وفراست رکھنے والے سیاستدان تھے، عمران قریشی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور ان کے پسماندگان کو صبرجمیل عطا کرے۔ انہوں نے کہاکہ عامر لیاقت نے بہت کم عرصے میں اپنی محنت اور لگن کی بناء پر اعلیٰ مقام بنایا، وہ اچھے پارلیمنٹرین ، اچھے مقرر ، سمجھ بوجھ اور فہم وفراست رکھنے والے سیاستدان تھے۔ ان کے انتقال کے بعد پیدا ہونے والا خلاء پر نہیں کیا جاسکے گا۔ علاوہ ازیں عمران قریشی نے وزیراعظم شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس میں اہم کردار مقصود چپڑاسی کے دبئی میں انتقال کو ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہاکہ مقصود چپڑاسی کی موت اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے جس منصوبہ بندی کے تحت ایف آئی اے کے ڈائریکٹر رضوان کی موت ہوئی اور اس جس منصوبے کے تحت شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز اپنے مقدمات ختم کروانے کی تگ ودو میں لگے ہوئے ہیں ۔