مزید خبریں

گستاخ رسول کو اسلام کے مطابق سزا دی جائے، مقررین

کھپرو (نمائندہ جسارت)انڈین گستاخ نوپْر شرما کی جانب سے شان رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا کی مقدس شان میں کی گئی ہرزہ سرائی اور صریح گستاخی کے خلاف کھپرو میں بین المسالک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس مظاہرے میں مفتی احمد علی سکندری خطیب نور مصطفی مسجد، مولانا الیاس سمیع،حافظ سعداللہ سکندری،مفتی الیاس، مولانا شریف عطاری،مولانا یوسف سموں، جامع مسجد سے قاری شائد، شعیب کنبھار عبدالقیوم سمیت دیگر کئی علماء نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نا صرف دینی قیادت بلکہ سیاسی جماعتوں کے نمائندے،تاجر اور عام عوام کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔پیپلز پارٹی کی طرف سے ضمیر ملک، پی ٹی آئی کی طرف سے حاجی اسلم جٹ، صدر واپاری ایسوسی ایشن جاوید عالم قائم خانی سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔تمام شرکاء کا یہی مؤقف تھا کہ گستاخی جس ملک سے ہو اس کے خلاف پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلم ممالک ایک ہو کر آواز اٹھائیں گستاخ رسول کو وہی سزا دی جائے جو اسلام میں بیان کی گئی ہے، ہر اس ملک سے تجارتی و سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں جو گستاخی میں ملوث ہو، دنیا اگر امن چاہتی ہے تو اس کے لیے انہیں حضور ؐکی عزت و احترام کا خیال رکھنا ہوگا کیونکہ مسلمان ہر چیز برداشت کرسکتا ہے لیکن اپنے آ قا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں ذرہ برابر گستاخی برداشت نہیں کرسکتا۔