مزید خبریں

حیدرآباد: محکمہ بلدیات کے اثاثے اور افرادی قوت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات حکومت سندھ کے کنسلٹنٹ قاضی شاہد پرویز نے بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ذمے یوٹلیٹیزکی مد میں متعلقہ محکموں کو واجبات کی ادائیگی، ریٹائرڈ ملازمین کی پینشنزکی ادائیگی، محکمہ کے مجموعی اثاثہ جات اور افرادی قوت سے متعلق ایک ہفتے میں رپورٹ تیار کرکے پیش کریں تاکہ نئے نظام کے تحت بلدیاتی نظام کو آسان اور عوام کے لیے مزید موثر بنایاجاسکے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے منصوبہ بندی کی جا سکے۔وہ شہباز ہال حیدرآباد میں بلدیاتی اداروں کے متعلقہ افسران سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے مطابق حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں کو ترتیب فراہم کی جائے۔ٹائونز کو شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کے تحت سہولیات دینے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو نے اپنی تجویز پیش کی کہ بلدیہ کی کرائے پر دی جانے والے املاک کے کرائے موجودہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے مقرر کیے جانے چاہئیں اور ڈسپینسریز کو پی پی ایچ آئی یا محکمہ صحت کے حوالے کیا جائے تاکہ بلدیاتی ادارے اپنا کام صحیح طریقے سے سر انجام دے سکیں جس پر کنسلٹنٹ لوکل گورنمنٹ سندھ قاضی شاہد پرویز نے ان تجاویز کی تائید کرتے ہوئے انہیں رپورٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔