مزید خبریں

سگریٹ پر ٹیکس سے200ارب روپے اکٹھا کرنے کا ہدف

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں سگریٹ پر ٹیکس 150 ارب سے 200 ارب روپے اکٹھا کرنے کا ہدف دیا گیا ہے،اس کے علاوہ مختلف کمپنیوں پر ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے ذریعے ٹیکس وصولی یقینی بنانے کا کام بھی اس سال کرنے کا ارادہ ہے،پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کی
شرح ایک فیصد سے بڑھا کر دو فیصد کرنے کی تجویز ہے۔بینکوں پر سپر ٹیکس سے متعلق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بینکنگ کمپنیوں پر ٹیکس کی موجودہ شرح 39 فیصد سے بڑھا کر 42 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے،اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں پر قیمت کے 2 فیصد کی شرح سے ایڈوانس ٹیکس وصول کرنے کی تجویز ہے۔سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع پر ٹیکس کی شرح کو دس فیصد سے پانچ فیصد کرنے کی تجویز دی ہے،حکومت کی جانب سے زیادہ آمدنی والے افراد اور کمپنیاں جن کی سالانہ آمدن 30 کروڑ روپے یا اس سے زیادہ ہو، ان پر دو فیصد ٹیکس لگائے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔