مزید خبریں

پی ٹی آئی کارکن کو غائب کرنے پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سے رپورٹ طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے 15 مئی کو پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے گھر پر اینٹی کرپشن کے چھاپے کے دوران کارکن اعجاز کو حراست میں لے کر غائب کرنے کے کیس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سے رپورٹ طلب کرلی، کیس کی سماعت 15 جون تک ملتوی۔ جمعے کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اعجاز سے متعلق تھانوں اور اینٹی کرپشن سے معلومات کی کوشش کی، مگر کچھ پتا نہ چل سکا جبکہ اعجاز کو تاحال نہ تو کسی عدالت میں پیش کیا گیا نہ ہی وہ کسی تھانے میں موجود ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ کہیں کارکن کو ماورائے عدالت قتل نہ کردیا گیا ہو۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے ہراساں اور جھوٹے مقدمات بنانے کیخلاف سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی درخواست پر صوبائی حکومت، محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور اینٹی کرپشن سمیت دیگر مدعا علہیان سے 22 جون کو جواب طلب کرلیا۔ جسٹس محمد جنید غفار کی سر براہی میں 2 رکنی بینچ نے حلیم عادل شیخ کی درخواست پر سماعت کی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب جمع کرانے کیلیے مہلت طلب کرتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ کیخلاف فی الحال مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔