مزید خبریں

اسلام آبادہائیکورٹ نے حج پالیسی کا ریکارڈ طلب کرلیا

ا سلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے وزارت حج کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ فیصل آباد کے رہائشی ڈاکٹر جی اے انصاری و دیگر متاثرین کے وکلاء صابری شفقت حمید سندھو اور صادق خان نے موقف اختیار کیا کہ متاثرین نے سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں دیں جو قرعہ اندازی میں کامیاب قرار دی گئیں اور وزارت حج کی طرف سے موصولہ پیغامات کے مطابق متاثرین نے فی کس تقریباً ساڑھے 7 لاکھ روپے کی مزید رقوم بھی متعلقہ بینک میں جمع بھی کروائیںاور پھر موبائل فون پر پیغام ملاکہ حج کوٹا ختم ہوگیا ہے اپنی رقم بینک سے واپس لے لیں۔ مزید برآں وزارت حج کی ویب سائٹ پرا سٹیٹس تبدیل کر کے لکھ دیاگیا کہ درخواست گزاروقت پر رقم جمع کروانے میں ناکام رہے ہیں جو کہ حقائق کے منافی اورسائلین کی صریحاً حق تلفی ہے ۔ عدالت نے سیکرٹری وزارت خارجہ کوجواب کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے حج پالیسی کا مسودہ اور متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کرلیا،سماعت14جون تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔صابری شفقت سندھو ایڈووکیٹ کاکہناہے کہ ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد افراد کے ساتھ یہی ڈراما رچایا گیا ہے اقربا پروری اور کرپشن کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا۔