مزید خبریں

پی ٹی آئی ارکان حملے کے بجائے استعفوں کی تصدیق کیلیے آئیں‘ مریم اورنگزیب

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کو پارلیمان پر حملے کے بجائے اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آج ایک بار پھر پارلیمان پر دھاوا بولا گیا، تشدد پر اکسانے والوں کو قوم کو جواب دینا پڑے گا، ہانڈیا ں لے کر بنی گالہ جائیں اور وہاں جا کر احتجاج کریں، ملک میں بے روزگاری اور قرضے عمران خان کی وجہ سے ہیں۔ جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے تحریک انصاف کی خواتین کی جانب سے احتجاج کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا کو 4 سال پارلیمان سے باہر رکھا گیا اور ملک میں سیاسی انتقام مسلط کیا گیا، ملک میں مہنگائی سابقہ حکومت کی وجہ سے ہے، وزیراعظم شہبازشریف نے آٹا اور چینی سستا کیا، وزیراعظم نے ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے مشکل فیصلے کیے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو بنانا ری پبلک بنانے کی کوشش کی، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا، موجودہ حکومت سابق حکمرانوں کی معاشی تباہی درست کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیارولی نے بتایا کہ پی ٹی آئی حکمرانوں نے عوام سے کیے وعدوں میں سے کوئی ایک بھی پورا نہیں کیا، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ساڑھے 3ارب روپے کا گھپلا سامنے آیا ہے، خیبرپختونخوامیں تعلیمی ایمرجنسی کی وجہ سے ہزاروں طلبا فیل ہوئے،ہیلتھ کارڈ پر ہر اس اسپتال کو رکھا گیا ہے جہاں کرپشن ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوامیں 9سالہ کارکردگی دکھائے، عمران خان خیبرپختونخوا کے خزانے کو استعمال کرنے سے باز رہیں۔