مزید خبریں

حیدرآباد کے صنعتی مراکز مسائل کا گڑھ بن گئے،الطاف میمن

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے 16 رکنی وفد کے ہمراہ گورنر سندھ آغا سراج خان دررانی سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر چیمبر نے تاجر برادری کے مسائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی تاجر برادری اور صنعتکاروں کو سندھ حکومت سے ایک شکایت ہمیشہ رہتی ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر وزراء حیدرآباد کے تاجروں اور صنعتکاروں سے ملاقات نہیں کرتے، جس کی وجہ سے تاجروں اور حکومت سندھ میں دوریاں ختم نہیں ہو پارہی ہیں۔ اِس کے علاوہ حیدرآباد صنعتی زون کی زبوں حالی، صنعتوں کو پانی فراہم نہ کرنا، حیسکو کے مسائل، لاء اینڈ آرڈر کی خراب صورتحال، سوئی گیس کے مسائل، چیمبر کو اپنی عمارت بنانے کے لئے پلاٹ دینا، چیمبر کی وفاقی اور صوبائی محکموں کی کمیٹیوں میں نمائندگی دی جائے۔ گورنر سندھ آغا سراج دررانی نے کہا کہ حیدرآباد کی تاجر برادری
سندھ کی اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور ایک اہم اسٹیک ہولڈر کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور معاشی ترقی میں چھوٹی صنعتوں کا اہم کردار ہے، جس کی نمائندگی حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری بہترین انداز میں کر رہی ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حکومت موجودہ اقتصادی ترقی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ مربوط روابط کو یقینی بنا رہی ہے۔ گورنر سندھ نے صدر چیمبر کی طرف سے پیش کیے گئے حیدرآباد کے تاجروں کے مسائل پر چیمبر کے وفد کو یقین دلایا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وفد میں سینئر نائب صدر محمد ادریس میمن، نائب صدر مسرور اقبال، سابق صدر دولت رام لوہانہ، اراکین مجلس عاملہ محمد عارف میمن ودیگر بھی شامل تھے۔