مزید خبریں

رمیز راجاکو مزید کام کرنے دیاجاناچاہیے،توقیر ضیاء

لاہور(جسارت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین توقیر ضیا نے کہا ہے کہ چیئرمین رمیز راجا درست راستے پر کام کر رہے ہیں لہذا انہیں مزید کام کرنے کے لیے وقت دیں۔اپنے ایک انٹرویو میں توقیر ضیا نے کہا کہ مجھے رمیز راجا کی پہلی پریس کانفرنس یاد ہے، اس میں جو انہوں نے کہا اسی کے مطابق چل رہے ہیں لیکن اس موقع پر ڈپارٹمنٹ کرکٹ کا معاملہ الگ ہے، اس کو آپ ابھی چھیڑ نہیں سکتے جو آئین میں لکھا ہے آپ کو اس کے مطابق چلنا ہے لیکن اس کے علاوہ اب تک رمیز راجا نے درست کام کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا موقف یہ ہے جسے بھی لائیں اسے سیاست سے الگ کریں اور تین سال کا وقت دیں، نجم سیٹھی کو بھی تین برس مکمل کرنے چاہیے تھے، سب کا اپنا وژن ہے اس کو مکمل ہوناچاہیے اس لیے رمیز راجا کو مزید کام کرنے کے لیے وقت دیں۔سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہاہے، کرکٹ اہم نہیں میرا مشورہ یہ ہے پیٹرن انچیف ملک کے حالات کو دیکھیں نہ کہ کرکٹ کو ، مگر کرکٹ کا کوئی بہت ہی بیڑہ غرق کر رہا ہو تو ضرور تبدیل کریں لیکن اس وقت ایسا نہیں، اس لیے حکومتی لوگوں کو ملکی حالات کی طرف توجہ دینی چاہیے، کرکٹ کو چلنے دیں، اس کی فکر نہ کریں۔