مزید خبریں

بجٹ کاروبار دوست ہونے کی توقع ہے ، تاجر برادری

راولپنڈی (کامرس ڈیسک) تاجر برادری نے بجٹ پروگریسو اور کاروبار دوست ہو نے کی توقع ظاہر کردی۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر و سابق صدر سہیل الطاف اور صدر ندیم رئوف نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ توقع ہے کہ بجٹ میں ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے پہلے سے موجود ٹیکس گزاروں پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، کنسٹرکشن اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے جاری ترغیبات کو برقرار رکھا جائے گا۔سہیل الطاف اور ندیم روف نے کہا کہ موجودہ ملکی معاشی صورتحال پر تاجر برادری فکر مند ہے، سہیل الطا ف نے کہا کہ پری بجٹ کانفرنس میں بھی وزیر خزانہ نے یقین دلایا ہے بجٹ بزنس فرینڈلی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اور افراط زرکے باعث ٹیکس اہداف آسانی سے پورے ہو جائیں گے، ہمیں امید ہے پہلے سے موجود ٹیکس گزاروں پر ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے، سہیل الطاف نے زور دے کر کہا کہ انڈسٹری کو دی جانے والی مراعات اور سہولیات برقراررکھ کرحکومت پالیسیوں کے تسلسل کا عملی مظاہر ہ کرے،اس سے مثبت پیغام جائے گا، پرتعیش اشیا کی امپورٹ پر پابندی خوش آئند ہے، تاہم انڈسٹری کے لیے خام مال کی امپورٹ جاری رکھی جائے، اسی طرح سی کے ڈی کٹس کی درآمد پر کوئی پابندی نہ لگائی جائے، تاکہ اسمبلرز کام جاری رکھ سکیں اور روزگار چلتا رہے، آٹو سیکٹر نے اچھا پرفارم کیا ہے، ترغیبات جاری رکھی جائیں، آٹو سیکٹرکے لیے زیادہ مراعات اور سہولیات دی جائیں تاکہ یہ بھی ایکسپورٹ سیکٹر بن جائے، اقتصادی سروے کے مطابق پچھلے سال جی ڈ ی پی گروتھ چھ فیصد بڑھی ہے اسے برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ جو سیکٹر اچھا پرفارم کر رہے ہیں ان کو دی جانی والی ترغیبات اور مراعات جاری رکھی جائیں، ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے نئے ٹیکس گزار تلاش کیے جائیں اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ اس پر فوکس کرے۔فارما اور پولٹری سیکٹرز اہم ہے اس کے لیے بھی مراعات دی جائیں۔ صدر ندیم رف نے کہا کہ حکومت روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ غیر معروف شعبوں جیسے جیمز اینڈ جیولری، آئی ٹی، ماربل، فارما اور پولٹری سیکٹر پر بھی توجہ دی جائے، ایس ایم ایز کو فروغ دیا جائے، بڑی صنعت سے جڑی الائیڈ انڈسٹری کے لیے خصوصی پیکیج دیئے جائیں، انڈسٹریل زونز بنائے جائیں تاکہ پرزہ جات کی مقامی پیداوار ممکن ہو اور امپورٹ بل کم ہو۔ سستی بجلی کی فراہمی کے لیے قابل تجدید توانائی ذرائع پر توجہ دی جائے، سولر، ونڈ کو عام کیا جائے۔