مزید خبریں

پاک ویسٹ انڈیز پریکٹس سیشن منسوخ ،دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائیگا

ملتان(سید وزیر علی قادری)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ (آج)جمعہ کو کرکٹ اسٹیڈیم، ملتان میں کھیلا جائے گا،تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو1-0کی برتری حاصل ہے۔ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی صفائی کا عمل پھر سے شروع کردیا گیا ہے۔اسٹیڈیم کے انکلوژرز سے کھانے پینے کے ریپرز،کین،خالی بوتلوں اور ڈسپوزل اشیاسمیٹ لی گئی ہیں۔کرکٹ اسٹیڈیم کی پارکنگ اور احاطہ میں صفائی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔پہلے ون ڈے کرکٹ میچ کے دوران بھی کمپنی ورکرز میچ کے اختتام تک صفائی کی ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس کے پیش نظر بھی روٹ کی صفائی پر کمپنی ورکرز کا مکمل فوکس ہے۔نواں شہر چوک، ابدالی روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو مسلسل جاری ہے۔ دوسری طرف ملتان میں شدید گرمی کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کا جمعرات کو پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا گیا۔گزشتہ روز پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں بھی موسم شدید گرم تھا، شدید گرم موسم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ملتان میں 44 ڈگری سینٹی گرمی کی وجہ سے امپائر علیم ڈار کی طبیعت خراب ہو گئی تھی، پاکستان کی اننگز کے 19ویں اوور میں قے ہونے کی وجہ سے انھیں میدان چھوڑ کر جانا پڑا۔علیم ڈار کی جگہ فیصل آفریدی نے امپائرکی ذمے داریاں نبھائی لیکن سخت موسم کے باوجود شائقین کرکٹ نے خوب انجوائے کیا۔ اس سے قبل پاکستان نے بابر اعظم رضوان اور میچ کے اصل فاتح گر خوشدل کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پہلا ون ڈے 5 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ شدید گرمی کے باوجود پہلے میچ کی طرح شائقین کرکٹ کی دوسرے ون ڈے میں بھی اسٹیڈیم آمد کی توقع کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ مہمان ٹیم کے کوچ، مینجر اور کپتان سمیت تمام کھلاڑیوں نے 14 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی ملتان میںآمد پر شائقین کے جوش و ولولہ اور کرکٹ سے دیوانگی کا والہانہ انداز پر میزبان شہر کا شکریہ ادا کیا ہے۔