مزید خبریں

بینظیر بھٹو فٹبال‘ گرین بلوچ ماڑی پور کی شاندار فتح

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ کی ہدایت پر ہونے والے شہید بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں گرین بلوچ ماری پور نے بغداد اسپورٹس کو کانٹے دار مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے سیٹ کنفرم کر لی۔ سندھ اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر ہونے والا یہ مقابلہ نہایت سنسنی خیز رہا اور شائقین فٹبال کی ایک بڑی تعداد اسے دیکھ کر لطف اندوز ہوئے۔ وقفہ تک دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابر تھیں‘وقفہ کے بعد میچ میں برتری حاصل کرنے کے لئے دونوں ٹیموں کی طرف سے چند اچھے موومنٹ دیکھنے کو ملے لیکن کمزور نشانہ بازی کے سبب دونوں ٹیموں کے اسٹرائکر گول اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ فاتح ٹیم کے منور جو شروع ہی سے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کررہے تھے 72 ویں منٹ میں انہیں گول کرنے کا ایک سنہری موقع ملا انہوں نے بغیر کسی غلطی کے گیند کو جال کے حوالے کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کی کامیابی کی بنیاد رکھی بلکہ میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا‘ میچ کو نیشنل ریفری عدنان خان نے طاہر قاری اور جاوید کارلوس کی معاونت سے سپروائز کیا۔