مزید خبریں

حیدرآ باد،آل ریونیو سندھ کے تحت مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف شہباز بلڈنگ ، بورڈ آف ریونیو کے دفتر کے سامنے مرکزی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں ایسوسی ایشن کے ممبران نے شرکت کی۔ مظاہرین ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ مرکزی ر یلی میں شریک افراد سے خطاب کرتے ہوئے آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر سید سردار علی شاہ ، مرکزی صدر سندھ تپہ دار ایسوسی ایشن نور حسین پتافی، کاشف ، فرید شیخ ، امجد علی لاشاری، تنویر احمد ملاح، فہیم احمد تنیو، بابر علی بروہی، سید کاظم علی شاہ ، عزیز احمد سومرو، ماجد علی سیال، عبدالمجید داؤد پوٹو، سید صالح شاہ، ایسوسی ایشن حیدرآباد ڈویژن کے صدر ریاض علی کھوسو ، آصف علی شیخ، نثار چارنگ ، ضلعی صدر دانش سہتو، زاہد علی بالادی، یونٹ کے صدر منور علی سومرو، سید احمد رضا شاہ، سید جعفر علی شاہ، ڈائریکٹر لینڈ سیٹلمنٹ سروے اینڈ ریکارڈ یونٹ کے عہدیدار یوسف مغل اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ ملک میں پیٹرول، ڈیزل ، بجلی، گیس، گوشت، دالیں، ادویات سمیت روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ ہوگیا ہے کہ غریب آدمی اور خاص طورپر سرکاری ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی اس قدر ہوگئی ہے کہ ملازمین اب یوٹیلٹی بل بھی جمع نہیں کراپارہے ہیں اور بچوں کو تعلیم دلانا بھی مشکل ہوگئی ہے ، حکومت فوری مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہ میں 100 فیصد اضافہ کرے اور ملازمین کو ایڈہاک الاؤنس ملتا ہے وہ تنخواہ میں شامل کیا جائے تاکہ غریب سرکاری ملازمین باعزت طورپر اپنا گزر بسر کرسکیں۔ علاوہ ازیں آل ریونیو سندھ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکز کی اپیل پر آج سندھ میں مختلف اضلاع سانگھڑ، ٹنڈومحمدخان، جیکب آباد، بدین، خیرپور، شکارپور، شہدادپور اور دیگر میں ایسوسی ایشن کے ممبران اور ریونیو ملازمین نے مہنگائی کیخلاف مظاہرے کیے اور نعرے بازی کی۔