مزید خبریں

اقتدار میں آنے والوں نے سکھر کی تقدیر نہ سنواری،زبیر حفیظ

سکھر( نمائندہ جسارت) اسلامی سکھر کے امیر زبیر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ سکھر گزشتہ کئی سال سے لاوارث شہر ہے۔اقتدار میں آنے والوں نے اپنی تقدیر تو سنواری لیکن اس شہر کی تقدیر نہ سنور سکی۔تباہ حال شہر حکمرانوں کی بے حسی ہے، پینے کا پانی اور بعض علاقوں میں منہ ہاتھ دھونے تک کو پانی میسر نہیں،دریا کے کنارے واقع شہر میں اس درجہ بدانتظامی مسلسل اقتدار میں رہنے والی جماعت کی بدترین کارکردگی کا ثبوت ہے، شہر سال ہا سال سے قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے، الیکشن کے دوران شہر میں ہونے والے ترقیاتی کام بدترین انتخابی دھاندلی ہیں الیکشن کمیشن نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 2 مکی شاہ ٹاؤن کے چیئرمین عبدالباری انصاری اور وائس چیئرمین ادریس میمن کے مرکزی الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر کیا، اس موقع پر سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین اور تاجر رہنما نے کہا کہ سکھر پر قابض حکمران جماعت نے عوام کو مایوس کیا ہے اور کرپشن اور نااہلی کا ریکارڈ قائم کیا ہے، اہلیان سکھر اپنی نئی نسل کے بہتر مستقبل کیلیے حکمران جماعت کو مسترد کرکے اچھے امیدواروں کو ووٹ دیں، انہوں نے کہا کہ ایس ڈی اے جماعت اسلامی کے امیدواروں کی حمایت کرے گی کیونکہ جماعت اسلامی کی ٹیم میں اچھے کردار کے حامل باصلاحیت لوگ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانے چہرے الیکشن کے موقع پر دوبارہ نمودار ہو گئے ہیں۔یہ ہرگز اعتبار کے لائق نہیں ہیں کیونکہ یہ ووٹ لے کر دوبارہ 5 سال کیلیے گم ہو جائیں گے اور عوام اپنے مسائل کے حل کیلیے خوار ہوتے رہیں گے لہٰذا ان پرانے چہروں کو مسترد کرکے اچھے امیدواروں کو ووٹ دیں۔