مزید خبریں

حیسکو چیف پی پی،ایم کیو ایم کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،عقیل احمد خان

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان،نائب امراء عبدالقیوم شیخ،ڈاکٹر سیف الرحمن،جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط خان نے اپنے مشرکہ بیان میں بلدیاتی الیکشن سے قبل حیسکو انتظامیہ کی جانب سے حیدرآباد کے مختلف علاقوں حالی روڈ،سرفراز کالونی،ہیرہ آباد،لیاقت کالونی سمیت200سے زائد ٹرانسفارمر بجلی کے بلوں کے ریکوری کے نام پر لنک اتارنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن سے قبل حیسکو کا رویہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والوں کیلیے مشکلات کا باعث بن رہاہے، عوام پریشان ہیں حیسکو کا عملہ دفاتر سے غائب ہے جبکہ عوامی نمائندوں نے بھی اس مشکلات میں عوام کا ساتھ دینے کے بجائے عوام کو بے یارمددگار چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی اس انتخابی مہم کا حصہ بنی ہوئی ہے ان کے منتخب نمائندوں کے کہنے پر ٹرانسفارمر کے لنک لگائے اور ہٹائے جا رہے ہیں،حیسکو چیف ان دونوں سیاسی جماعتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں،حیدرآباد شہر کو اندھیروں میں دھکیل کر ووٹ لینے کی سازش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافے سے شدید گرمی میں عوام بری طرح سے بلبلا اٹھے، بجلی کی 12 گھنٹے سے زائد کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام شدید عذاب میں مبتلا ہو گئے ہیں، شہر میں انتخابی سرگرمیاں بھی بری طرح سے متاثر ہورہی ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حیسکو چیف بلا تفریق شہریوں کے مسائل حل کریں، بنا کسی سیاسی دباؤ کے ٹرانسفارمر کے لنک لگائے جائیں اور ریکوری کے نام پر منتخب نمائندوں کے کہنے پر لنک ہٹانا بند کیے جائیں عوام کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔