مزید خبریں

سندھ بلدیاتی انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانیکا آج آخری دن

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژنز کے 16 اضلاع کی 5 ہزار سے زاید بلدیاتی نشستوں پر انتخابی عمل کے لیے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کا سلسلہ جمعرات کو دوسرے دن بھی جاری رہا اور مجموعی طور 8 ہزار زاید امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں ،کراچی ڈویژن میں 3 ہزار سے زاید امیدوار سامنے آئے ہیں اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں لوگوں کا رش نظر آیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع شرقی، غربی، جنوبی ، وسطی ، کورنگی ، کیماڑی اور ضلع ملیر جبکہ حیدر آباد ڈویژن کے 9 اضلاع حیدر آباد، دادو، جامشورو، مٹیاری ، ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈو اللہ یار، بدین، سجاول اور ضلع ٹھٹھہ شامل ہیں۔ ان اضلاع کی یونین کمیٹیوں کے چیئر مین ، وائس چیئر مین ، یوسی وارڈ جنرل کونسلرز، میونسپل کمیٹیوں اور ٹائون کمیٹیوں کے 5 ہزار 143 بلدیاتی نمائندوں کا انتخاب ہوگا۔ انتخابی شیڈول کے مطابق آج10 جون کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے۔ 28 جو ن تک امیدوار دستبردار اور امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری ہوگی ، جبکہ 29 جون کو امیدواروں کو نشانات کی الاٹ کیے جائیں گے۔24 جولائی کو پولنگ اور 28جولائی کونتائج کا اعلان کیاجائیگا۔