مزید خبریں

عوام کو اب پتا چلے گا اصل مہنگائی کیا ہے،عمران خان

اسلام آباد (آئی این پی+ صباح نیوز+ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لوگوں کو اب پتا چلے گا کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے؟۔موجودہ حکومت نے تسلیم کرلیاکہ پی ٹی آئی دور حکومت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا۔ قوم کی آزادی کی جنگ لڑتا رہوں گا، ہم سیاست نہیں بلکہ ان چوروں اور
غلاموں کے خلاف جہاد کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اقتصادی سروے پر اظہارِ خیال کر تے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا سارا ڈیمز کا پراجیکٹ خطرے میں پڑگیا، اس حکومت کے آنے سے باہر سے قرضے لینا مشکل ہوگیا۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے تو آئی ایم ایف کے دباؤ کا سامنا کیا اور ان کے کہنے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کیں، موجودہ حکمران کبھی آئی ایم ایف کا دباؤ نہیں لے سکتے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ابھی لوگوں کو نئے مہینے کے بل آئیں گے تو انہیں مہنگائی کا اصل اندازہ ہوگا۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے کا تھا جو انہوں نے 1500 روپے کا کردیا۔ عمران خان نے کہاکہ امپورٹڈحکومت نے بھی تسلیم کرلیاکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت کے پچھلے دو سال میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن تھا اور اس عرصے میں شرح نمو اور دولت بڑھی ،2004-5 کے بعد پچھلے سال سب سے زیادہ ملکی ترقی ہوئی ،ہماری حکومت کے تیسرے سال میں 5.7فیصد جی ڈی پی میں اضافہ ہوا، چوتھے سال میں یہ 5.9فیصد رہی، ٹیکس میں 6100ارب روپے کا اضافہ ہوا، بر آمدات 32ارب ڈالربڑھیں ، ترسیلات زر 31ارب ڈالر رہی، زرعی پیداوار میں 4.4فیصد اضافہ ہوا، بڑی صنعتوں میں 10.4فیصد کا اضافہ ہوا ، ڈیتھ جی ڈی پی کو مسلم لیگ نون کی حکومت 64فیصد پر چھوڑ کر گئی تھی ، تحریک انصاف حکومت میں سب سے زیادہ روزگار ملا اور پچاس سال بعد بڑے ڈیمز بنانے شروع کئے ، نون لیگ کے دور میں امپورٹڈ فیول پر مہنگے پاور پلانٹس لگائے گئے جس کی وجہ سے آج ملک میں لوڈشیڈنگ ہے،عدالت عظمیٰ سے وضاحت ملنے کے بعد لانگ مارچ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دوں گا، موجودہ حکومت الیکشن کمیشن سے مل کر ابھی سی دھاندلی کی تیاری کر رہی ہے ، ہم ان سب پر عدالت میں جائیں گے کہ کس طرح انہوں نے لوگوں کے ووٹ ادھر ادھر کیے ہیں اور ابھی سے دھاندلی کی تیاری کر رہے ہیں، کیونکہ دھاندلی کے بغیر کبھی جیت نہیں سکتے۔عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان کی عدلیہ کا ٹرائل ہے اور قوم بھی قانون سازی کا مذاق دیکھ رہی ہے، احتساب اور ایف آئی اے کے حوالے سے جو قوانین بنا رہے ہیں اس سے اپنے فائدے لیں گے۔علاوہ ازیںپی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر عمران خان نے جاری بیان میں کہا کہ ہم سیاست نہیں بلکہ ان چوروں اور غلاموں کے خلاف جہاد کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے ،جب تک زندہ ہوں اپنی قوم کی آزادی کی جنگ لڑتا رہوں گا۔