مزید خبریں

ایون فیلڈ ریفرنس: مریم نواز کی سزا کیخلاف اپیلوںپر دلائل جاری

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ میں مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلوں میں مریم نواز کے وکیل کی جانب سے دلائل جاری رہے،عدالت نے مزید دلائل کیلیے سماعت 16 جون تک ملتوی کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر عدالت میں اپنے وکلا عرفان قادر اور امجد پرویز کے ساتھ جبکہ نیب کی جانب سے بیرسٹر عثمان راشد، غنی چیمہ، سردار مظفر عباسی اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ مریم نواز کے وکیل عرفان قادر نے تحریری دلائل عدالت میں جمع کرائے اور کہا کہ عدالت کا وقت بچانے کیلیے تحریری طور پر جواب لایا ہوں، ضمانت والے معاملے پر سب کچھ پہلے سے زیر بحث رہا ہے، کیپٹن(ر) صفدر کے وکیل نے کہا کہ ٹوکے بغیر 2، 3 گھنٹے میں دلائل دونگا، انصاف میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے اور انصاف تو ہوگا۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ کیس جلد سنیں اور فیصلہ کریں۔ عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہا کہ مجھے عدالت سن چکی ہے، مزید گزارشات تحریری طور پر جمع کرا رہا ہوں، میری کلائنٹ کے ساتھ زیادتی ہے کہ معاملہ طوالت اختیار کرگیا ہے، انصاف تو ہو گا مگر اس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔