مزید خبریں

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بل2022 ء کی متفقہ منظوری

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی نے پاکستان میڈیکل کونسل (پی ایم سی)ایکٹ کو ختم کرکے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل بل2022ء کو متفقہ طور پرمنظورکر لیا ہے، اس اقدام سے میڈیکل کے شعبہ سے اجارہ داری کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر برائے قومی صحت نے کہا کہ پی ایم سی جیسے کالے قانون کے تحت ایسی اجارہ داری قائم تھی جسے کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، کسی بھی میڈیکل کالج کی بندش یا کسی کو جرمانہ کر دینا اوراپنی مرضی سے لاکھوں روپے پر بھرتی کرلینا بھی جائز تھا۔ عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی فیس بھی زیادہ رکھی گئی ہے اور اس کے نمبروں کی شرح فیصد کو بھی بہت زیادہ رکھا گیا، جس سے صرف سندھ کے میڈیکل کالجز میں 55 فیصد سیٹیں خالی رہ گئیں،16ہزار بچوں نے بیرون ملک جا کر داخلے لیے جس کی وجہ سے9 ارب سے زیادہ کا زرمبادلہ باہر چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی بھرتیوں کے ساتھ اور بھی بہت کچھ ہے جو ہم میڈیا کے سامنے لائیں گے۔