مزید خبریں

گستاخانہ بیان :آج کورنگی لانڈھی میں مظاہرے ہوں گے،عبدالجمیل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کے خلاف آج کورنگی لانڈھی میں احتجاجی مظاہرے ہوںگے،پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی پر بھارت کے معاشی بائیکاٹ کا مطالبہ ۔امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے ذمے داران ضلع کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت آ ج بروزجمعہ گستاخانہ بیان کے خلاف بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔بھارت حکومت کے دو انتہائی اہم بی جے پی عہدیداروں ملعون نوپورشرما اور ملعون نوین کمار کی جانب سے شان رسالت میں گستاخی کی گئی جس پر دو ارب مسلمانوں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ اسلام امن کا مذہب ہے اور ہمارے پیارے نبی ؐدونوں جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کو سبق سکھانا بہت ضروری ہے۔پوری امت مسلمہ اگر بھارت کا معاشی بائیکاٹ کر دے تو آئندہ کسی بھی ملک کے فرد کی ہمت نہیں ہوسکے گی کہ وہ پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی کرے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر پاکستان سراج الحق کی اپیل پر جمعہ کو نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر،بس اسٹاپ، مارکیٹ،بازار اور اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور کارنر میٹنگ یوسی کی سطح پر منعقد ہوگی اور گستاخی کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک بھارت کے سفیروں کو ملک بدر کریں اور بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔اس سلسلے میں مسجد یوسف، قیوم آباد ،مسجد رحمت ،مسجد جمیل ،مسجد طیبہ، مسجد بن قاسم ،مسجد فردوس،مسجد گلزار مدینہ ،مسجد قریشاں،مسجد نور،دارالعلوم کورنگی ،مسجد ابراہیم ،مسجد محمدی،مسجد طیبہ کے ایریا ودیگر علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔