مزید خبریں

اسرائیلی وزیر اعظم کا دورئہ امارات ، صدر سے ملاقات

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیت متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظبی پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ملاقات کے دوران انہوں نے تعلقات کوفروغ دینے پر بات چیت کی۔ واضح رہے کہ صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد شیخ محمد بن زاید سے اسرائیلی وزیر اعظم کی ابوظبی میں یہ پہلی ملاقات ہے۔ ان کا یہ دورہ اچانک کیا گیا ہے اور اس سے پہلے کوئی اطلاع سامنے نہیں دی گئی تھی ۔ دوسری جانب اسرائیلی سیاست میں ایک بار پھر اکھاڑ پچھاڑ شروع ہوگئی اور سابق وزیراعظم نیتن یاہو اقتدار میں آنے کے لیے تیاری کرلی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل میں رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے میں اسرائیلی حکومت اور اپوزیشن کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا گیا ہے۔سابق وزیر اعظم نیتن یاہو کی قیادت میں حزب اختلاف کے دائیں بازو کے کیمپ کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے جب کہ وزراعظم نفتالی بینیت کی سربراہی میں موجودہ حکومتی اتحاد کی طاقت میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں نئے انتخابات کی صورت میں نیتن یاہو حکومتی اتحاد بنانے کے قریب ہیں۔عبرانی چینل کان11 نے کہا کہ یہ رپورٹ حکومتی اتحاد کی جانب سے نسل پرستی کے قانون کو منظور کرنے میں ناکامی کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے،جو مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد کاروں پر اسرائیلی قانون کے اطلاق کی سہولت فراہم کرتا ہے۔