مزید خبریں

گستاخانہ بیان کے خلاف جماعت اہلسنت یوم احتجاج منائے گی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے عہدیداران کا اجلاس علامہ سید شاہ عبد الحق قادری کی صدارت میں مرکز جما عت اہلسنّت لائنز ایریا میں منعقد ہوا۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ بھارت میں انتہا پسند حکمراں جما عت بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے حضور نبی کریمؐ کے حوالے سے گستاخانہ بیانات کے خلاف جمعہ 20جون کو یوم احتجاج منایا جائے گا،شاہ عبدالحق قادری کا کہنا تھا کہ جمعہ کے اجتماعات میں ائمہ و خطباء عظمتِ رسالت کے موضوع پر بیان کریں گے۔ گستاخی کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کرائیں گے بعد ازاں مختلف مقامات اور مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی کیے جائیں گے۔نیز اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ جما عت اہلسنّت کراچی کے زیر اہتمام عنقریب کراچی میں عظیم الشان تحفظ ناموس رسالت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔جما عت اہلسنّت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں حکمراں جماعت بی جے پی اسلام دشمنی میں حد سے آگے بڑھتی جا رہی ہے۔ توہین رسالت کے واقعے کو کئی دن گزرنے کے باوجود ابھی تک مودی سرکار کا گستاخی کے مرتکبین کو گرفتار نہ کرنا افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے لیکن اپنے نبی پاک ؐ کی توہین برداشت نہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور سربراہان مملکت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا اور مسلم دشمنی پر مبنی اقدامات کا نوٹس لیا جائے۔اسلام کی مقدس ہستیوں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔