مزید خبریں

ملک سے اندھیروں کے خاتمے کا سبب بنیں گے، مصطفی کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ لانڈھی اور کورنگی کی عوام کو موقع ملا ہے کہ وہ پاک سرزمین پارٹی کو کامیاب کر کے امید کی وہ کرن روشن کریں جو کراچی سمیت ملک سے اندھیروں کے خاتمے کا سبب بنے گی،پی ایس پی کا نظریہ ملک کے طول و عرض میں مقبولیت حاصل کررہا ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ظالم کمزور ہوگیا ہے، مہاجروں کو اب فیصلہ کرکے باکردار، قابل اور محنتی قیادت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 240 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں یوسی 28 کورنگی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفی کمال نے کہا کہ سب کچھ عیاں ہونے کے بعد اگر ظالم کا احتساب کرنے کے بجائے اس کے ساتھ کھڑے ہوںگے تو خود بھی ظالموں میں شمار ہوںگے۔ ہم ہی کراچی اور ملک کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت، علم، تجربہ اور جذبہ رکھتے ہیں کیونکہ ہم نے ہی اسے پہلے بھی بنایا تھا۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے تین اہم آئینی ترامیم کی تجاویز پیش کی ہیں۔ پہلی آئینی ترمیم کے تحت وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی طرح میئر کے اختیارات اور ڈپارٹمنٹ بھی آئین میں درج کیے جائیں، دوسری ترمیم کے ذریعے جس طرح آئین پاکستان میں این ایف سی ایوارڈ درج ہے اسی طرح پی ایف سی ایوارڈ آئین میں درج کرکے وفاق براہِ راست ڈسٹرکٹ کو اسکو حصہ دے۔ تیسری ترمیم کے تحت جب تک ملک میں منتخب بلدیاتی نظام موجود نہ ہو تب تک قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات نہ ہوں۔