مزید خبریں

عوام کوٹارگٹڈ سبسڈی دینا ہوگی‘ شوکت ترین

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) سابق و زیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ میری بات مانیں ابھی بھی روس جائیں، 30 فیصد ابھی بھی بچت ہو گی،عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں، مہنگائی نیچے آئے گی، پیسے بچیں گے،ہم نے ان کو راستہ بتا دیا ہے، ان کو روس جانا چاہیے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر شوکت ترین نے کہاکہ یہ کہتے ہیں ہم آئی ایم ایف کے معاہدے سے پیچھے ہٹے، مجھے آئی ایم ایف نے قیمتیں بڑھانے کا کہا میں نے انکار کیا، میں نے آئی ایم ایف کو کہا میں آپ کو پیسے اکٹھے کر کے دوں گا، قیمتیں بڑھا کر نہیں، ٹیکس بڑھا کر پیسے اکٹھے کروں گا، ہم نے آئی ایم ایف کو منا لیا تھا ہم نے انکو پلان بتایا تھا، ہم نے معاہدہ پورا کیا، آئی ایم ایف کو حل بتایا تھا، ویب سائٹ پر معاہدے موجود ہیں۔ شہباز حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم نے سستا تیل لینا تھا، ہم نے ٹارگٹڈ سبسڈی لینی تھی، ہمارے پاس پلان تھا، ان کے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔ واپڈا کو بھی انہوں نے ڈان گریڈ کیا۔ شوکت ترین نے مہنگائی 25 سے 30 فیصد تک چلے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو جب 25 فیصد پر قرضہ ملے گا تو فیکٹریاں بند ہو جائیں گی، ہم نے دو سال کے دوران اور کورونا کے دوران بہترین مینج کیا، یہ تو کہہ رہے تھے کہ معاشی ترقی نہیں ہو رہی تھی، اب کیا ہو ا ان کو؟ ہمیں مہنگائی کا طعنہ دیتے تھے، اب ڈالر 178 سے بڑھ کر 200 سے زیادہ کا ہوگیا۔